نزلہ کس طرح پھیلتا ہے
نزلے اور زکام کے وائرس ایک ہی طرح سے پھیلتے ہیں ،یعنی متاثرہ شخص کے نظام تنفس سے خارج ہونے والے خوردبینی آبی قطروں سے ۔متاثرہ شخص جب کھانستا ہے ، یا چھینکتا ہے تو یہ باریک آبی قطرے پھوار کی شکل میں قریب موجود افراد یا چیزوں پر پڑتے ہیں ۔اگر متاثرہ شخص ہاتھوں پر کھانسے یا چھینکے اور اس کے ہاتھ میں رومال یا ٹشو وغیرہ نہ ہو، تو وہ جس چیز کو چھوئے گا وہ ان وائرس سے آلودہ ہوجائے گی ،پھر جب کوئی صحت مند شخص اس جگہ کو ہاتھ لگائے گا تواس کے ہاتھ بھی ان وائرس سے آلودہ ہوجائیں گے اور وہ شخص ان ہی آلودہ ہاتھوں سے اپنی ناک ، منہ یا آنکھوں کو چھوئے گا تووہ اس طرح نزلے کے وائرس اپنے جسم میں داخل کرکے اس مرض کا شکار ہوجائے گا۔
نزلے سے بچنے کے لیے کیا کرنا چاہئے
نزلے اور زکام کے وائرس سے خود کو محفوظ رکھنے اور دوسروں تک ان وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ان اصولوں پر عمل کریں
۔بار بار ہاتھ دھوئیں ۔
۔رومال یا ٹشو پیپر وغیرہ پر کھانسیں یا چھینکیں۔اگر رومال یا ٹشو پیپر فوری طور پر دستیاب نہ ہو تو دونوں ہاتھ منہ پر رکھیں ، اور چھینکنے اور کھانسنے کے فوری بعد ہاتھ دھولیں۔
۔جب کھانسی یا چھینک آئے تو اپنا چہرہ دوسروں کی طرف سے ہٹالیں ۔
۔اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو مت چھوئیں، اس سے وائرس کے جسم میں داخل ہونے کا امکان یقینی ہوجاتاہے ۔
۔فون،کی بورڈ اور ماؤس جیسی چیزیں جو ایک سے زائد افراد استعمال کرتے ہوں ، ان کی صفائی کا خیال رکھنا چاہئے ، کیونکہ وائرس ان کی سطح پر آٹھ گھنٹے تک زندہ رہ سکتے ہیں ۔
۔نزلے اور زکام کے موسم میں پرہجوم مقامات سے حتی الامکان دور رہنے کی کوشش کریں ۔
ہر سال فلو ویکسین لگوائیں۔یہ ویکسین آپ کو اس مرض سے سو فیصد تحفظ تو نہیں دیتی ، مگر یہ اس مرض سے دور رہنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
۔جسم کے مدافعتی نظام کو قوت دینے کے لیے صحت بخش غذائیں استعمال کریں ۔ جیسے گہرے سبز، اورنج اور سرخ رنگ کے پھل اور سبزیاں۔
باقاعدگی سے ورزش کریں ۔اگرچہ ورزش کرنے والے افراد بھی نزلے کا شکار ہوجاتے ہیں ،لیکن ان میں اس مرض کی علامات کی شدت کم ہوتی ہے ، اور وہ تیزی سے صحت یاب بھی ہوجاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ ایروبکس اور چہل قدمی جیسے ورزش باقاعدگی سے کرنے سے مدافعتی نظام مضبوط ہوتاہے ۔ ورزش کا کوئی بھی پروگرام شروع کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کریں ۔
الرجی سے نزلے کا شکار ہونے کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔ ہاں البتہ دمے کے مریض کو نزلہ ہوجائے تو اس سے یہ مرض بگڑنے کا خطرہ رہتاہے ، اور یہ مرض بگڑ کر نمونیا میں بدل سکتاہے ۔چھ ماہ سے کم عمر کے بچے ، حاملہ خواتین،بزرگ،کمزور مدافعتی نظام کے حامل افراد اوروہ لوگ جنہیں ذیابیطس ،پھیپھڑوں کے امراض، کوئی دماغی مرض یا دل کی بیماری ہو ، ان کے لیے بھی یہ مرض کئی قسم کی پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے ۔

No comments